ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں منگل کے روز ایک مرتبہ پھر قرآن مجید کی بے حرمتی کی گئی ہے اور اسلام مخالف مٹھی بھر کارکنوں نے مصر اور ترکیہ کے سفارت خانوں کے سامنے قرآن مجید کے نسخے نذرآتش کیے ہیں۔ڈنمارک میں ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے توقیری کے یہ نئے واقعات ہیں۔
ڈنمارک اور سویڈن نے کہا ہے کہ وہ قرآن کو جلانے کی مذمت کرتے ہیں لیکن آزادیِ اظہار کے قوانین کے تحت اسے روک نہیں سکتے۔ان دونوں ملکوں میں تین مرتبہ قرآن مجید کی انتہائی بے توقیری کی گئی ہے
منگل کو کوپن ہیگن میں ‘ڈینش پیٹریاٹس’ نامی ایک گروپ نے مصر کے سفارت خانے کے سامنے قرآن مجید کو نذرآتش کیا۔اس سے پہلے پیر اور گذشتہ ہفتے عراق کے سفارت خانے کے سامنے قرآن مجید کے نسخے نذر آتش کیے گئے تھے۔ گذشتہ ایک ماہ کے دوران میں سویڈن میں اس طرح کے دو واقعات پیش آچکے ہیں۔








