لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعظم خان کو نفرت انگیز تقریر کیس میں آواز کا نمونہ پیش کرنا ہوگا۔ اعظم خان کو الہ آباد ہائی کورٹ سے جھٹکا لگا ہے۔ انہوں نے ایم پی-ایم ایل اے کورٹ رامپور کے حکم کو چیلنج کیا تھا۔ عرضی کو مسترد کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے اعظم خان کو آواز کا نمونہ دینے کی ہدایت دی۔ ایس پی لیڈر کی عرضی پر سماعت جسٹس راجیو مشرا کی سنگل بنچ میں ہوئی۔
اعظم خان کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے جمعرات کو آواز کا نمونہ ریکارڈ کرنے کی ہدایت دی۔ خیال رہے کہ 2007 کے اسمبلی انتخابات میں اعظم خان نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مبینہ اشتعال انگیز تقریر کی تھی۔ دھیرج کمار سنگھ نے اشتعال انگیز تقریر کی شکایت رام پور کی ٹانڈہ پولیس سے کی۔ شکایت کنندہ کی رپورٹ پر پولیس نے اعظم خان کے خلاف آئی پی سی، عوامی نمائندگی ایکٹ اور ایس سی-ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ کیس کی تفتیش کے بعد تفتیش کار کی جانب سے عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔ عدالت نے چارج شیٹ کا نوٹس لیتے ہوئے سماعت شروع کی۔








