نئی دہلی:پیر کو ہریانہ کے نوح میں فرقہ وارانہ جھڑپیں گروگرام کے سیکٹر 70 تک پھیل گئی ہیں، جو قومی دارالحکومت نئی دہلی سے 20 کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر ہے۔
منگل کی رات ایک رہائشی کمپلیکس کے ساتھ ایک دکان اور کئی جھونپڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ گروگرام کے سیکٹر 70 میں منگل کی رات کئی دکانوں اور جھونپڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ حکام نے پورے ضلع میں امتناعی احکامات نافذ کر دیے ہیں جن میں کھلے پیٹرول یا ڈیزل کی فروخت پر پابندی بھی شامل ہے۔
گروگرام پولیس نے کہا کہ شہر میں کچھ جھڑپیں ہوئی ہیں، ابھی تک کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔ پولیس نے کہا، "آج آتشزدگی اور جھڑپوں کے کچھ واقعات ہوئے ہیں۔ لیکن کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوا ہے۔”
ہریانہ کے دیگر کئی اضلاع میں بھی تشدد کی اطلاعات ہیں۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نوح سے 50 کلومیٹر دور بادشاہ پور میں فساد ہوا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ تقریباً 200 لوگوں کا ایک ہجوم لاٹھیوں اور پتھروں سے لیس تھا دوپہر تین بجے کے قریب علاقے میں داخل ہوا۔ انہوں نے گوشت کی دکانوں سمیت کئی دکانوں میں توڑ پھوڑ کی اور مذہبی نعروں کے ساتھ ایک دیسٹورینٹ کو نذر آتش کر دیا۔
پلوال میں، ہجوم نے پرشورام کالونی میں 25 سے زیادہ جھونپڑیوں کو آگ لگا دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان واقعات میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ گروگرام سے متصل سوہنا میں اسکول اور کالج آج بند رہیں گے۔
دہلی نے بھی الرٹ جاری کیا ہے اور پولیس گشت بڑھا رہی ہے اور حساس علاقوں کی نگرانی کے لیے ڈرون کا استعمال کر رہی ہے۔ دہلی پولیس کے ایک اہلکار نے کہا کہ پڑوسی علاقوں میں اس طرح کے واقعات کے نتیجے میں قومی دارالحکومت میں پیدا ہونے والی کسی بھی صورت حال کا جواب دینے کے لیے فورس تیار ہے۔








