واٹس ایپ گروپ کے ایڈمن کو اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف ‘توہین آمیز’ تبصرہ پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
کوتوالی پولیس اسٹیشن کے انچارج اجے کمار سیٹھ نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف کیا گیا تبصرہ 4 اگست کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔
گرفتار شخص کی شناخت شہاب الدین انصاری کے نام سے ہوئی ہے جب کہ تبصرہ کرنے والے شخص کا نام مسلم انصاری ہے اور وہ ابھی تک پولیس کی گرفت سے باہر ہے۔
اجے کمار سیٹھ نے کہا کہ پولیس کو 4 اگست کو ٹویٹر پر اس بارے میں شکایت ملی تھی۔ توہین آمیز تبصرہ کا اسکرین شاٹ بھی پولیس کو موصول ہو گیا ہے۔
بی بی سی کے مطابق شکایت کی بنیاد پر شہاب الدین انصاری اور مسلم انصاری کے خلاف آئی پی سی اور آئی ٹی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق واٹس ایپ گروپ کا نام ‘نگر پالیکا پریشد بھدوہی’ ہے، جس میں بھدوہی نگر پالیکا پریشد کا تقریباً ہر ممبر موجود ہے۔ اس گروپ کا مقصد عوام الناس کو درپیش مسائل کو حل کرنا ہے۔ تاہم، یہ کارپوریٹروں کا سرکاری واٹس ایپ گروپ نہیں ہے۔








