کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جمعہ کو الزام لگایا کہ پی ایم منی پور کو جلانا چاہتے ہیں اور آگ بجھانا نہیں چاہتے۔ راہل گاندھی کا یہ جواب پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد پر پی ایم مودی کے جواب کے ایک دن بعد آیا ہے۔ راہل گاندھی نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔راہل گاندھی نے کہا کہ میں نے منی پور میں جو دیکھا اور سنا ہے، میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔میں نے پارلیمنٹ میں کہا کہ وزیر اعظم نے منی پور میں ہندوستان کو مارا ہے۔یہ خالی میرے الفاظ نہیں تھے۔”
راہل نے کہا”جب ہم منی پور پہنچے اور میٹئی کے علاقے میں گئے تو ہمیں بتایا گیا کہ اگر کوئی کوکی آپ کی حفاظت میں ہے تو ہم اسے مار دیں گے۔ اسی طرح جب ہم کوکی کے علاقے میں گئے تو ہمیں بتایا گیا کہ اگر کوئی میتئی آپ کی حفاظت میں ہے تو۔ ہم اسے مار دیں گے۔
پی ایم مودی کی پارلیمنٹ کی تقریر پر طنز کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، "کل جب میں نے وزیر اعظم کو پارلیمنٹ میں ہنستے اور مذاق کرتے دیکھا تو مجھے سمجھ نہیں آیا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم اس طرح کیسے بول سکتے ہیں؟”
راہل نے آگے کہا”کیا وزیراعظم کو نہیں معلوم کہ ہمارے ملک میں کیا ہو رہا ہے؟ اگر وہ منی پور نہیں جا سکتے تو کم از کم اس کے بارے میں بات کر سکتے ہیں۔ ہندوستانی فوج اس کو 2 دن میں روک سکتی ہے لیکن وزیر اعظم منی پور کو جلانا چاہتے ہیں اور آگ بجھانا نہیں چاہتے”۔
راہل گاندھی نے مزید کہا، "کل وزیر اعظم نے 2 گھنٹے 13 منٹ کی تقریر کی، اس میں سے انہوں نے صرف 2 منٹ منی پور کے بارے میں بات کی۔ منی پور میں مہینوں سے آگ لگی ہوئی ہے، لوگ مارے جا رہے ہیں، عصمت دری ہو رہی ہے، بچے مارے جا رہے ہیں اور وزیر اعظم ہنستے ہوئے بول رہے تھے، مذاق کر رہے تھے، یہ ہندوستان کے وزیر اعظم کو زیب نہیں دیتا۔








