چنڈی گڑھ: ہریانہ حکومت میں وزیر سندیپ سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج کرنے والی جونیئر خاتون کوچ کو معطل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ کھیل کے ڈائریکٹر یاشندر سنگھ نے معطلی کا حکم جاری کیا ہے۔ خاتون کوچ نے کہا کہ محکمہ کھیل نے یہ حکم 11 اگست 2023 کو جاری کیا تھا لیکن محکمہ کے ملازمین تک اسے پیر کی رات تک پہنچایا گیا۔ کوچ نے مزید کہا کہ انہیں بغیر کسی وارننگ کے معطل کر دیا گیا ہے اور حکام نے بھی معطلی کے حکم کی کوئی تسلی بخش وجہ نہیں بتائی۔
جونیئر خاتون کوچ نے بتایا کہ محکمہ کھیل کے حکام نے گزشتہ 4 ماہ سے ان کی اسٹیڈیم میں کوچنگ پر پابندی عائد کر رکھی ہے جس کی وجہ سے ان کا اسپورٹس کیریئر مکمل طور پر تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال 26 دسمبر کو جونیئر خاتون کوچ نے اس وقت کے وزیر کھیل سردار سندیپ سنگھ پر چھیڑ چھاڑ کا الزام لگایا تھا۔ اس کے تین دن بعد انہوں نے اس معاملے کی شکایت چنڈی گڑھ پولیس سے کی تھی۔ وہیں، 31 دسمبر کو پولیس نے وزیر کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد وزیر کھیل سندیپ سنگھ سے کھیل کا محکمہ چھین لیا گیا۔ چنڈی گڑھ پولیس کیس درج ہونے کے سات ماہ بعد بھی اس معاملے میں چارج شیٹ داخل نہیں کر پائی ہے۔








