ہندوستان نے ایک مرتبہ پھر تاریخ رقم کردی ہے۔ ہندوستان کے چندریان-3 نے کل بدھ کو چاند پر کامیاب سافٹ لینڈنگ کی۔ اسی کے ساتھ، ہندوستان چاند کے جنوبی قطب پر پہنچنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ وہیں، اسرو کے لائیو اسٹریمنگ لنک نے بھی یوٹیوب پر تاریخ رقم کردی۔ چندریان-3 کے لینڈنگ کی لائیو اسٹریمنگ کو 8.06 ملین لوگوں نے ایک ساتھ دیکھا، جس نے یوٹیوب تاریخ کے سبھی ریکارڈکو توڑ دیا ہے۔
یوٹیوب پر اب تک برازیل بمقابلہ جنوبی کوریا کے فٹ بال میچ کی لائیو اسٹریمنگ ہی سب سے زیادہ 6.15 ملین لوگوں نے ایک ساتھ دیکھی تھی، جسے بدھ کو چندریان-3 کی لائیو اسٹریمنگ نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وہیں، تیسرے نمبر پر برازیل بمقابلہ کروشیا کا فٹ بال میچ ہے، جسے 5.2 ملین لوگوں نے ایک ساتھ دیکھا تھا۔








