مظفر نگر کے اسکول کی وائرل ویڈیو کو شیئر کرنے پر فیکٹ چیک کرنے والے اور آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کے خلاف پروٹیکشن آف چلڈرن فرام چلڈرن ایکٹ (POCSO ایکٹ) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
اتر پردیش کے مظفر نگر کے ایک پرائیویٹ اسکول میں ٹیچر کے کہنے پر بچوں کی اپنی ہی کلاس میں پڑھنے والے مسلمان بچے کو زدوکوب کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔یہ واقعہ مظفر نگر کے منصور پور تھانے کے تحت کھبا پور گاؤں کا ہے۔پولیس نے خاتون ٹیچر کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی ہے۔
اسی ویڈیو کو محمد زبیر نے بھی شیئر کیا۔ تاہم اس ویڈیو میں بچے کی شناخت ظاہر کی جا رہی تھی۔ اس واقعے کی ویڈیو بعد میں زبیر نے ڈیلیٹ کر دی تھی۔ انہوں نے ٹویٹ کیا تھا کہ نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس چاہتا ہے کہ لوگ اس ویڈیو کو ڈیلیٹ کر دیں، اس لیے ویڈیو کو ڈیلیٹ کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ محمد زبیر کو دہلی پولیس نے گزشتہ سال ایک ٹویٹ پر ایف آئی آر درج ہونے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ تاہم سپریم کورٹ کی ہدایت پر زبیر کو 23 دن کی قید کے بعد رہا کر دیا گیا۔









