نئی دہلی: گزشتہ کچھ دنوں سے ‘بھارت’ اور ‘انڈیا’ کو لے کر جاری تنازعہ کے درمیان مرکزی حکومت نے وزیر اعظم مودی کے انڈونیشیا کے دورے سے متعلق اپنے سرکاری نوٹ میں ایک بڑی تبدیلی کی ہے۔ نئی تبدیلی کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ انڈونیشیا کے سرکاری نوٹ پر ‘The Prime Minister of BHARAT’ لکھا گیا ہے۔ واضح ہو کہ پی ایم مودی آج 20ویں آسیان-انڈیا چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے انڈونیشیا جائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ صدر مرمو نے حال ہی میں جی 20 کانفرنس میں شرکت کے لیے دہلی آنے والے مہمانوں کو ضیافت کے لیے مدعو کیا تھا۔ اس دعوت نامے میں پہلی بار پریسیڈنٹ آ بھارت لکھا گیا تھا۔ تب سے اس معاملے پر بحث شروع ہوگئی۔ اس دعوتی خط کے سامنے آنے سے چار دن پہلے یکم ستمبر کو آر ایس ایس کے سرسنگھ چالک موہن بھاگوت نے بھی ملک کے نام کے طور پر لفظ بھارت استعمال کرنے پر اصرار کیا تھا۔ اس بیان کے تین چار دنوں کے اندر ملک کی سیاست اس وقت مزید گرم ہو گئی جب صدر کے دعوتی خط میں بھی ایسی ہی بات سامنے آئی۔ اس معاملے پر پارٹیوں کے رہنما اور اپوزیشن آمنے سامنے آگئے ہیں۔








