امپھال:منی پور میں پھر تشدد کی خبریں آرہا ہیں حالانکہ انٹرنیٹ سروس بند ہے -خبر کے مطابق بی جے پی کے ایک ڈویژنل دفتر کو بدھ کو مشتعل ہجوم نے آگ لگا دی۔ ضلع تھوبل میں واقع اس دفتر کو طلبہ مظاہرین کے ایک بڑے گروپ نے نشانہ بنایا جس نے ریاست میں دو طلبہ کے قتل پر اپنے غصے کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ این۔ بیرن سنگھ نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دینے کا یقین دلایا ہے۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر، لکڑی کے لٹھوں اور بجلی کے کھمبوں کا استعمال کرتے ہوئے انڈیا-میانمار ہائی وے کو بلاک کرنے کی کوشش کی۔ صورتحال اس وقت بگڑ گئی جب سیکورٹی فورسز نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل اور گولیوں کا استعمال کیا۔ مظاہرین نے گولیوں کا پتھروں سے جواب دیا۔
منی پور میں بی جے پی کے دفتر کو جلانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ جون کے شروع میں، ریاست میں بڑھتے ہوئے نسلی تناؤ کے درمیان شرپسندوں نے بی جے پی کے تین دفاتر میں توڑ پھوڑ کی تھی۔
منی پور میں دو طالب علموں کے قتل کے واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد پرتشدد واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بشنو پور سمیت مختلف اضلاع میں طلبہ کے مظاہرے جاری ہیں۔ 6 جولائی سے لاپتہ دو طالب علموں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کرنے پرRAF اہلکاروں اور مقامی لوگوں کے درمیان منگل کی رات جھڑپیں ہوئیں، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل، ربڑ کی گولیوں اور لاٹھی چارج کا سہارا لینا پڑا، جس میں 45 طالب علم زخمی ہوئے.
امپھال میں بڑے پیمانے پر احتجاج جاری رہنے کے بعد بدھ کے روز سینکڑوں طلباء نے منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ کی رہائش گاہ کی طرف مارچ کیا۔ تاہم، ریاستی پولیس اور ریپڈ ایکشن فورس سمیت سیکورٹی فورسز نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے اور دھوئیں کے بموں کا استعمال کیا۔








