عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ایک اور رہنما امانت اللہ خان ایک بار پھر مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کے نشانے پر آگئے ہیں۔ اوکھلا کے ایم ایل اے اور دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان کے گھر اور دیگر مقامات پر منگل کی صبح سے ای ڈی کے چھاپے جاری ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق یہ چھاپے نام نہاد منی لانڈرنگ کیس میں مارے جا رہے ہیں۔ امانت اللہ کے اوکھلا گھر کے باہر بھاری سیکورٹی فورسز تعینات ہیں اور ای ڈی کے اہلکار گھر کے اندر تلاشی لے رہے ہیں۔
امانت اللہ نے حال ہی میں سنجے سنگھ کی گرفتاری کے بعد کافی سخت بیان دیتے ہوئے مودی حکومت کی مذمت کی تھی۔ اے اے پی ایم ایل اے نے الزام لگایا تھا کہ سنجے سنگھ کے خلاف کسی بھی قسم کا کوئی ثبوت نہ ہونے کے باوجود یہ گھناؤنی حرکت مرکزی حکومت کے کہنے پر اے اے پی کو بدنام کرنے کے لیے کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی نیوز کے مطابق، ای ڈی نے دہلی وقف بورڈ میں غیر قانونی تقرریوں میں مبینہ بدعنوانی سے متعلق ایم ایل اے کے خلاف دہلی اینٹی کرپشن بیوروکی ایف آئی آر اور سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کی ایف آئی آر کا نوٹس لیا ہے۔ اسی بنیاد پر منگل کو چھاپے مارے گئے۔ تاہم اس سے متعلق کیس ابھی بھی عدالت میں چل رہا ہے۔
گزشتہ سال ستمبر میں، خان کو انسداد بدعنوانی برانچ (ACB) نے دہلی وقف بورڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں، فنڈز کے غلط استعمال اور سرکاری عہدے کے غلط استعمال سے متعلق ایک معاملے میں گرفتار کیا تھا۔ بعد میں انہیں دہلی کی راؤس ایونیو کورٹ سے ضمانت مل گئی۔
اس ایف آئی آر کے مطابق، خان نے دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین کے طور پر کام کرتے ہوئے ضابطوں اور سرکاری رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 32 لوگوں کو غیر قانونی طور پر بھرتی کیا تھا۔ یہ معاملہ بھی عدالت میں چل رہا ہے۔








