سماج وادی پارٹی کے لیڈر اور سابق ایم پی اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو اتوار 22 اکتوبر کی صبح 5 بجے الگ الگ قافلوں میں رام پور جیل سے منتقل کیا گیا۔ جب اعظم خان کو رام پور جیل سے باہر لایا جا رہا تھا تو انہوں نے کہا کہ ہمارا انکاؤنٹر ہو سکتا ہے۔ کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اعظم خان اور عبداللہ اعظم کو مختلف جیلوں میں رکھا جا سکتا ہے۔
خبر ہے کہ اعظم خان کو سیتا پور
جیل اور عبداللہ اعظم کو ہردوئی جیل میں منتقل کیا جا سکتا ہے، جبکہ اعظم خان کی اہلیہ تنزین فاطمہ رام پور جیل میں ہی رہیں گی۔ اگرچہ سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ بیٹے عبداللہ اعظم کے دوہرے پیدائش کے سرٹیفکیٹ کے معاملے میں عدالت نے 18 اکتوبر کو اعظم خان، ان کی اہلیہ تنزین فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اعظم کو 7 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ جس کے بعد انہیں سخت پولیس سیکورٹی میں رام پور ڈسٹرکٹ جیل بھیج دیا گیا، لیکن اتوار کی صبح پانچ بجے انہیں رام پور ڈسٹرکٹ جیل سے باہر لے جا کر منتقل کر دیا گیا۔ ایس پی لیڈر اعظم خان کو سیتا پور جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ ان کے چھوٹے بیٹے عبداللہ اعظم خان کو ہردوئی منتقل کر دیا گیا ہے۔








