نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو آج ای ڈی نے شراب پالیسی معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔ ان سے صبح 11 بجے پوچھ گچھ کی جاتی ہے لیکن اس سے پہلے ای ڈی کی ٹیم نے صبح دہلی حکومت کے ایک اور وزیر کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دہلی حکومت کے ایک اور وزیر راج کمار آنند کے گھر پر چھاپہ مارا۔ ای ڈی کی ٹیم سول لائنز میں وزیر کی سرکاری رہائش گاہ سمیت 9 مقامات کی تلاشی لے رہی ہے۔ معلومات کے مطابق ای ڈی کی ٹیم راج کمار آنند کے کاروبار سے متعلق معاملے میں چھاپے مار رہی ہے۔
نیوز پورٹل ’آج تک‘ نے ذرائع کے حوالہ سے اطلاع دی ہے کہ ای ڈی کو راج کمار آنند پر حوالہ کے ذریعے لین دین میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ اس چھاپے کو کسٹم کے معاملے سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ راج کمار آنند سال 2020 میں پہلی بار پٹیل نگر سیٹ سے ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے۔ اس سے پہلے ان کی بیوی وینا آنند اسی اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی رہ چکی ہیں۔ راج کمار آنند کو دہلی حکومت کے سابق وزیر راجندر پال گوتم کی جگہ کابینہ میں شامل کیا گیا تھا۔








