اسلام آباد :پاکستان ان دنوں دہشتگردی کی نئی لہر کا شکار ہے آئےخودکش حملوں کے واقعات ہورہے ہیں جن میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا ہے ۔آج پھر ایسے ہی حملہ میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سکیورٹی فورسز پر ایک خودکش حملے میں 23 فوجیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 12 دسمبر کی صبح ’چھ دہشتگردوں‘ نے درابن میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کیا، ان کے اندر داخلے کی کوشش کو ناکام بنایا گیا جس کے بعد ’دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی عمارت کی دیوار سے ٹکرائی اور خودکش پدھماکہ کیا۔‘
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’دھماکوں کے نتیجے میں عمارت گِر گئی اور اس سے 23 فوجی اہلکاروں ہلاک ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں تمام چھ دہشتگرد ہلاک ہوئے۔‘
دریں اثنا آئی ایس پی آر کے مطابق 12 دسمبر کو ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کے متعدد آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 27 دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری طرف درازندہ میں ’دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس آپریشن کیا گیا جس دوران 17 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ کلاچی میں دوسرے انٹیلیجنس آپریشن میں چار دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو فوجی اہلکار شہید ہوئے۔‘
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔‘









