بدھ کے روز غزہ پٹی میں اسرائیلی فوج اور مسلح فلسطینی دھڑوں کے درمیان کشیدگی اور لڑائی میں شدت آئی ہے۔ اطلاعات کےمطابق غزہ میں کئی مقامات پر سڑ
کیں میدان جنگ کا منظر پیش کررہی ہیں جب کہ ہر گذرتے لمحے میں غزہ کے جنگ سے تباہ حال عوام کی مشکلات اور مصائب میں مزید اضافہ ہو رہا ہے
تازہ ترین فیلڈ پیش رفت میں آج غزہ کے دوسرے بڑے شہر خان یونس کی گلیوں میں اسرائیلی فوج اور حماس کے عسکریت پسندوں کے درمیان پرتشدد لڑائی جاری ہے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی نے بدھ کے روز اطلاع دی ہے کہ اسرائیل شمالی اور وسطی غزہ کی پٹی میں جبالیہ اور خان یونس کے علاقوں پر "شدید” اور مسلسل بمباری کر رہا ہے۔ ایجنسی نے مقامی ذرائع اور صحافیوں کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت مزید درجنوں شہری مارے گئے ہیں۔
درایں اثناء اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں 300 اہداف پر حملے کیے۔ ان حملوں میں حماس کے مبینہ مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ قابض فوج کے مطابق تازہ بمباری میں حماس کے دسیوں جنگجو مارے گئے ہیں اور حماس کے فوجی ٹھکانوں کا انفراسٹرکچر تباہ ہوا ہے.
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ زمینی فورسز نے خان یونس کے علاقے میں حماس کے ایک فوجی ہیڈ کوارٹر پر بھی حملہ کیا۔ تازہ کارروائیوں کے دوران اسرائیلی فوج نے اسلحہ ، گولہ بارود، دھماکہ خیز آلات اور مارٹر گولے قبضے میں لینے کا اعلان بھی کیا۔









