نئی دہلی (آرکے بیورو): لوک سبھا انتخابات سے پہلے کانگریس میں بڑا ردوبدل سامنے آیا ہے۔ اس کو سرجری کے طور پر لیا جارہا ہے حالانکہ نئے چہرے سامنے نہیں لائے گئے بس مہرے تبدیل کئے گئے ہیں اور ادھر سے ادھر کردیا گیا ہے-ایک بڑے تنظیمی ردوبدل میں پارٹی نے سچن پائلٹ کو چھتیس گڑھ کی ذمہ داری سونپی ہے۔ پائلٹ کو چھتیس گڑھ کا جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ یوپی میں پرینکا گاندھی کو جنرل سکریٹری کی ذمہ داریوں سے فارغ کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ اویناش پانڈے کو ریاست کا انچارج بنایا گیا ہے۔ ساتھ ہی رمیش چنیتھلا کو مہاراشٹر کا انچارج مقرر کیا گیا۔ پارٹی نے گجرات کی ذمہ داری سینئر لیڈر مکل واسنک کو سونپی ہے۔ رندیپ سنگھ سرجے والا کو کرناٹک کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ جے رام رمیش کو جنرل سکریٹری انچارج کمیونیکیشن مقرر کیا گیا ہے۔ کے سی وینوگوپال تنظیم کے جنرل سکریٹری انچارج کا کردار ادا کریں گے۔ پرینکا گاندھی کو کوئی محکمہ نہیں سونپا گیا ہے۔
سینئر لیڈر اجے ماکن کانگریس کے خزانچی رہیں گے۔ پارٹی نے 12 جنرل سکریٹریوں کے ساتھ ساتھ 11 ریاستی انچارجوں کا تقرر کیا ہے۔ حال ہی میں ہوئے پانچ میں سے چار اسمبلی انتخابات میں انتخابی شکست کے چند ہفتوں بعد پارٹی میں ردوبدل کو مئی 2024 سے پہلے ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے قبل پارٹی کو مضبوط کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔









