نئی دہلی:کانگریس لیڈر سونیا گاندھی ایودھیا میں 22 جنوری کو ہونے والی رام مندرتقریب میں شرکت کر سکتی ہیں۔ کانگریس ذرائع نے جمعہ کو کہا کہ سونیا اس تقریب میں شرکت کریں گی یا نہیں اس کا فیصلہ تقریب کے قریب دنوں میں لیا جائے گا۔
پارٹی کے ترجمان جے رام رمیش نے ٹویٹر پر پوسٹ کیا کہ سونیا گاندھی اور کانگریس کے سربراہ ملکارجن کھرگے کو مدعو کیا گیا ہے لیکن اس بارے میں فیصلہ لیا جائے گا اور مناسب وقت پر بات کی جائے گی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، سونیا گاندھی، کانگریس سربراہ ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں پارٹی لیڈر ادھیر رنجن چودھری کو رام مندر ٹرسٹ نے اس پروگرام میں شرکت کے لیے مدعو کیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق، کانگریس لیڈر دگ وجئے سنگھ نے پہلے کہا تھا کہ یا تو سونیا گاندھی، جو اس کے بارے میں بہت مثبت ہیں، یا کانگریس کا وفد وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے منعقدہ تقریب میں شرکت کرے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سیاسی طور پر اس حساس معاملے پر کانگریس کا فیصلہ اپنے اتحادیوں بشمول انڈین یونین مسلم لیگ و دیگر اتحاد کی اپوزیشن جماعتوں سے وسیع بات چیت کے بعد لیا جائے گا۔
کانگریس کا ماننا ہے کہ اس پروگرام میں حصہ نہ لینے سے بی جے پی کو انتخابات سے قبل پارٹی اور اس کے اتحادیوں پر حملہ کرنے کا مہلک ہتھیار ملے گا۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، رام مندر تقریب کے لیے کانگریس رہنماؤں کی طرف سے ملنے والے اس دعوت نامے نے پارٹی کے لیے بڑا مذہبی بحران پیدا کر دیا ہے۔اگر سونیا گاندھی اور دیگر کانگریس لیڈر اس میں شامل نہیں ہوتے ہیں تو بی جے پی کو آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ان کے خلاف بڑا ایشو مل جائے گا۔









