تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ پاسداران انقلاب نے عراق میں اسرائیلی ‘جاسوسی ہیڈکوارٹر’ پر حملہ کیا ہے۔یہ حملہ عراق کے نیم خودمختار کرد علاقے میں کیا گیا ہے۔ جس جگہ یہ حملہ ہوا وہ ایک وی آئی پی ایریا ہے، اس سے کچھ ہی فاصلے پر امریکن قونصلیٹ ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق کرد علاقائی حکومت کی سلامتی کونسل نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس حملے میں چار افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے ہیں۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاسداران انقلاب نے یہ بھی کہا ہے کہ انھوں نے شام میں اسلامک اسٹیٹ کے خلاف حملے بھی کیے ہیں۔یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ پورے خطے میں پھیلنے کا خطرہ ہے۔پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا: "یہودی حکومت کے حالیہ مظالم کے جواب میں جس میں اس نے ہمارے محافظوں پر حملہ کیا اور ہمارے کمانڈروں کو قتل کیا، عراق کے کرد علاقے میں واقع موساد کے ہیڈ کوارٹر کو بیلسٹک میزائل سے تباہ کر دیا گیا ہے۔ ,گزشتہ ماہ ایران نے کہا تھا کہ ایک اعلیٰ ایرانی جنرل سید رازی موسوی دمشق میں اسرائیلی حملے میں مارا گیا ہے۔









