پٹنہ:بہار میں جاری سیاسی اتھل پتھل کے درمیان جے ڈی یو کے صدر نتیش کمار نے پارٹی کی نئی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ جہاں للن سنگھ کو اس ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے، وہیں کے سی تیاگی کو اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ اس ٹیم میں پرانے لیڈروں کو ترجیح دی گئی ہے۔ سابق ریاستی صدر اور راجیہ سبھا ایم پی وششٹھا نارائن سنگھ کو جے ڈی یو کا قومی نائب صدر بنایا ۔
کے سی تیاگی کواہم ذمہ داری
اس کے علاوہ سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے سابق ممبر پارلیمنٹ کے سی تیاگی کو قومی ترجمان کے ساتھ ساتھ سی ایم نتیش کا سیاسی مشیر بنایا گیا ہے۔ ایم پی آلوک کمار سمن کو دوبارہ خزانچی بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ منگنی لال منڈل، رام ناتھ ٹھاکر، سنجے جھا، علی اشرف فاطمی، کاہکنشا پروین، آفاق عالم، شری بھگوان سنگھ کشواہا، پِل ہریش چندر پاٹل، راج سنگھ مان، انجینئر سنیل کمار اور رام سیوک سنگھ کو قومی جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ . سابق ایم ایل اے راجیو رنجن کو قومی ترجمان بنایا گیا ہے۔
دریں اثناجے ڈی یو کے ترجمان کے سی تیاگی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے للن سنگھ اور نتیش کمار کے درمیان دراڑ کی قیاس آرائیوں کو یکسر مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا، ‘نتیش کمار اور للن سنگھ 48 سال سے ایک ساتھ ہیں۔ نتیش کمار ہم سب کے ساتھ ڈرائیونگ سیٹ پر ہیں۔ جے ڈی یو متحد ہے۔ کئی میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا تھا کہ نتیش کمار لالن سنگھ کی لالو یادو کے ساتھ بڑھتی قربتوں کی وجہ سے ناراض ہیں اور اسی لیے انہیں جے ڈی یو صدر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔









