بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا انڈیا الائنس سے نکلنا اپوزیشن اتحاد کے لیے "اچھا چھٹکارا” ہو گا، ممتا بنرجی کے قریبی ذرائع نے جمعہ کی شام ان کے حوالے سے بتایا۔
"دیدی کا خیال ہے کہ اگر نتیش کمار انڈیا الائنس چھوڑ دیتے ہیں، جو کہ اب یقینی ہے، تو یہ اچھا چھٹکارا ہو گا،” انگریزی اخبار ٹیلیگراف نے اپنے ذرائع سے ، ترنمول سربراہ کی جمعہ کو راج بھون میں صحافیوں اور قریبی ساتھیوں کے ساتھ ہونے والی آف دی ریکارڈ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا۔ "وہ سوچتی ہیں کہ نتیش کی زیرقیادت حکومت کو اقتدارمخالف لہر کی قیمت چکانی پڑے گی۔”
بنگال کی وزیر اعلیٰ راج بھون میں گورنر سی وی آنند بوس کی میزبانی میں یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقد پروگرام میں شرکت کررہی تھیں -آف دی ریکارڈ گفتگو اسی موقع پر ہوئی ۔
اگرچہ سی پی ایم کے تجربہ کار بائیں محاذ کے چیئرمین بمن بوس نے اس تقریب میں شرکت کی، لیکن بی جے پی یا کانگریس سے کوئی بھی نہیں آیا۔
نتیش کے بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے میں دوبارہ شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کے ساتھ، انڈیا الائنس کا مستقبل راج بھون کے لان میں سب سے زیادہ گرم موضوع تھا۔ ٹیلیگراف کے مطابق اس کے اندر داخل ہوتے ہی ممتا سے اس کے بارے میں پوچھا گیا۔
"ممتا نے کہا یہ آر جے ڈی-کانگریس کے لئے نقصان نہیں ہوگا (اگر نتیش بہار کے مہا گٹھ بندھن سے باہر ہو جاتے ہیں)۔ اگر وہ یعنی جے ڈی یو کے ساتھ اتحاد میں لڑتے تو انہیں 6 یا 7 سے زیادہ سیٹیں نہیں مل پاتیں (بہار میں 40 میں سے)، ۔
بنگال کی وزیر اعلیٰ کے قریبی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ہمیشہ اپوزیشن اتحاد سے نتیش کی وابستگی کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے نئے اتحاد کے کنوینر کے طور پر ان کی تقرری کی مخالفت کی تھی۔”بی جے پی نے نتیش کو انڈیا کا کنوینر مقرر کرنے اور پھر انہیں این ڈی اے میں شریک کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ دیدی کو اس منصوبہ کا علم تھا، اسی لیے وہ کنوینر کے طور پر ان کی تقرری کی مخالفت کر رہی تھیں،‘‘ ممتا کے قریبی ذرائع نے بتایا۔
ذرائع کے مطابق دیدی کے اعتراضات کی وجہ سے نتیش کو کنوینر نہیں بنایا گیا…. ان کے خیالات کی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، شیو سینا (یو بی ٹی) کے لیڈر ادھو ٹھاکرے اور سماج وادی پارٹی کے رہنما اکھلیش یادو نے تائید کی۔
ستم ظریفی یہ ہے کہ یہ ممتا اور نتیش کے درمیان ایک ملاقات تھی جس نے انڈیاالئنس کی تشکیل کی راہ ہموار کی تھی، اس کی پہلی میٹنگ پٹنہ میں بہار کے وزیر اعلیٰ کی میزبانی میں ہوئی تھی۔
جمعہ کی شام جب ممتا سے پوچھا گیا کہ کیا نتیش کا یو ٹرن بی جے پی کو بڑا فائدہ دے گا، تو انہوں نے سیدھا جواب دینے سے گریز کیا۔ "حالات کچھ بھی ہوں، میں ہمیشہ بی جے پی سے لڑوں گی،” انہوں نے مبینہ طور پر کہا۔ممتا نے بنگال میں ترنمول اور کانگریس کے درمیان رابطوں پر بھی تبصرہ کیا۔ انہوں نے بظاہر اس بات کی تصدیق کی کہ انہیں بنگال کے لیے بھارت جوڑو نیائے یاترا کے شیڈول کے بارے میں اندھیرے میں رکھا گیا تھا۔









