نئی دہلی: ان افواہوں اور قیاسوں کے درمیان کہ جھارکھنڈ کے سی ایم کی طرح ای ڈی کیجریوال کو بھی گرفتار کرسکتی ہے اور پھر یہاں بھی توڑپھوڑ کا بازار گرم ہوسکتا ہے دہلی کے وزیر اعلی کیجریوال نے پانچویں سمن کو بھی غیر قانونی قرار دیتے ہوئے حاضر نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے-
واضح ہو کہ پہلے بھیجے گئے چار سمن پر بھی اروند کیجریوال ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اروند کیجریوال ای ڈی کے پانچویں سمن پر بھی پیش نہیں ہوں گے۔ پہلے کی طرح سی ایم کیجریوال نے بھی اس سمن کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔
اس سے پہلے 18 جنوری کو سی ایم کیجریوال نے ای ڈی کے سمن کا جواب دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ای ڈی نے خود لکھا ہے کہ کیجریوال ملزم نہیں ہیں، پھر سمن اور گرفتاری کیوں؟ انہوں نے مزید لکھا کہ بی جے پی کا مقصد کیجریوال کو گرفتار کرنا ہے۔ تاکہ مجھے لوک سبھا انتخابات میں مہم چلانے سے روکا جا سکے۔ بدعنوان لیڈر بی جے پی میں جاتے ہیں، ان کے کیس بند ہو جاتے ہیں۔ ہم نے بدعنوانی نہیں کی، ہمارا کوئی لیڈر بی جے پی میں شامل نہیں ہوگا۔








