کراچی:جماعت اسلامی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ تعاون نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حتمی فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ تعاون نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے وفاقی سطح پر کسی اور جماعت کے ساتھ اتحاد کیا، صرف خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی سے اتحاد کا کوئی جواز نہیں، پی ٹی آئی سے بات چیت دونوں حکومتوں سے متعلق تھی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں جماعت اسلامی کی نمائندگی نہیں رہی، اب جماعت اسلامی کے ساتھ حکومت بنانے کا کوئی جواز نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ صرف کے پی میں حکومت سازی پر بات چیت چل رہی تھی، حکومت سازی کے لیے قانونی طریقہ کار کو دیکھا جا رہا ہے۔
دوسری طرف علمائے اسلام (شیرانی گروپ) نے پی ٹی آئی کو تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کر دی۔مرکزی ترجمان جے یو آئی شیرانی گروپ شجاع الملک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شیرانی صاحب کی جماعت کے ہوتے ہوئے پی ٹی آئی کو کسی اور کی ضرورت نہیں۔
شجاع الملک کا کہنا ہے کہ ہمارا پلیٹ فارم پی ٹی آئی کے لیے موجود ہے، پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارا اتحاد خالص حقیقی آزادی کے لیے ہے۔









