نئی دہلی:”مودی-مودی” کے نعروں کے درمیان، ریپبلک چینل کے چیف ایڈیٹر ارنب گوسوامی نے اسٹیج سے اعلان کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی "تاریخی اکثریت کے ساتھ تیسری بار حکومت بنائیں گے۔”
‘ریپبلک’ سمٹ 2024 میں، ارنب گوسوامی کو صحافی سے زیادہ بی جے پی کارکن کے کردار میں دیکھا گیا۔ اس پروگرام کے کلیدی مقرر کے طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کو مدعو کیا گیا تھا۔
وزیر اعظم کی تقریر کے بعد ارنب نے کہا کہ اس بار ‘پرو انکمبنسی’ ہے یعنی حکمراں پارٹی کی لہر ہے۔ یہ کہنے کے بعد گوسوامی ہاتھ جوڑ کر وزیر اعظم کے پاس گئے اور کہا، ’’آپ کی سوچ روایتی سیاسی تجزیہ کاروں اور ماہرین اقتصادیات کی سمجھ سے بالاتر ہے۔‘‘
تب گوسوامی نے کہا، ”میں آپ کو اس وقت سے جانتا ہوں جب آپ بی جے پی کے دفتر کے پیچھے ایک چھوٹے سے کمرے میں رہتے تھے۔ میں تب بھی آپ کوپریشان کرتا تھا۔‘‘
مودی کی ’’میکرو‘‘ اور ’’مائکرو‘‘ کی سمجھ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ارنب نے کہا کہ اسے سمجھنا بہت مشکل ہے۔ آپ گگنیان اور جی ایس ٹی کے بارے میں سوچتے ہیں، لیکن آپ نے معذوروں کے لیے جو کیا وہ آپ کی سمجھ اور حساسیت کو ظاہر کرتا ہے۔ اور یہ ایک لیڈر میں ہونا بہت ضروری ہے۔ اس لیے لوگوں کا آپ پر بھروسہ ہے۔”گوسوامی نے مزید کہا، ’’مودی جی، ملک آنے والے کئی سالوں اور دہائیوں تک آپ کی قیادت چاہتا ہے۔ سات آٹھ ہفتوں میں آپ تاریخی ووٹوں سے جیت جائیں گے اور ہم سوچ کو آگے لے جانے کے لیے کام کریں گے۔









