نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرقیادت تین رکنی کمیٹی نے جمعرات کو بیوروکریٹس گیانش کمار اور سکھبیر سنگھ سندھو کو الیکشن کمشنر (ECs) کے طور پر منتخب کیا۔ کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے میٹنگ کے بعد میڈیا کے ساتھ یہ جانکاری دی۔
وہ ای سی کو منتخب کرنے والی پی ایم مودی کی سربراہی والی اس کمیٹی کی میٹنگ میں شریک ہوئے تھے
یہ فیصلہ لوک سبھا انتخابات سے قبل الیکشن کمشنر ارون گوئل کے استعفیٰ کے چند دن بعد آیا ہے۔
سلیکشن پینل، جس نے سکھبیر سنگھ سندھو اور گیانیش کمار کو شامل کیا، اس میں وزیر اعظم، قائد حزب اختلاف، اور ایک نامزد مرکزی کابینہ کے وزیر شامل ہیں۔ کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری اپوزیشن ممبر کی حیثیت سے تین رکنی پینل میں شامل ہیں۔
کمیٹی کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ ‘‘وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، میں اور ارجن رام میگھوال میٹنگ میں موجود تھے۔ میٹنگ میں شرکت سے پہلے ہی میں نے ایک مختصر فہرست مانگی تھی۔ ایسا اس لیے کہ انتخاب سے پہلے مختصر فہرستیں بنتی ہیں۔ اگر دہلی پہنچتے ہی مجھے وہ فہرست مل جاتی تو مجھے امیدواروں کے بارے میں معلومات مل جاتی لیکن میٹنگ میں شریک ہونے سے قبل مجھے وہ نہیں مل سکی۔‘‘
کانگریس کے سینئر لیڈر نے مزید دعویٰ کیا کہ ’’مجھے جو فہرست دی گئی اس میں 212نام تھے۔ میں کل رات ہی دہلی آیا ہوں اور صبح 12 بجے سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں جانے سے پہلے تمام ناموں کے بارے میں جاننا مشکل تھا۔ ہماری کمیٹی میں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ ہیں اور اپوزیشن میں سے صرف میں ہوں۔ اس کمیٹی میں شروع سے ہی اکثریت حکومت کے حق میں ہے۔ میں کچھ کہوں یا نہ کہوں، جو حکومت چاہے گی وہی فیصلہ ہوگا۔ حکومت کی منشا کے مطابق الیکشن کمشنر کا انتخاب ہوگا۔‘‘









