دہلی کے مبینہ شراب گھوٹالے میں سی ایم اروند کیجریوال کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ لگاتار 9 سمن بھیجنے کے بعد ای ڈی (ED )کی ٹیم 10ویں سمن کے ساتھ جمعرات کی شام کیجریوال کے گھر پہونچی ۔ای ڈی کی گرفتاری سے بچنے کے لیے اروند کیجریوال کی عرضی جمعرات کو دہلی ہائی کورٹ میں مسترد کر دی گئی۔


کیجریوال نے دیر شام سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ سپریم کورٹ کل صبح کیس کی سماعت کرے گی۔کیجریوال کو سرکاری رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا جب دہلی ہائی کورٹ نے ایکسائز پالیسی کیس میں ان کے خلاف ای ڈی کی طرف سے "کوئی زبردستی کارروائی نہیں” کی درخواست پر کوئی حکم دینے سے انکار کر دیا۔AAP لیڈروں نے الزام لگایا کہ یہ کارروائی چیف منسٹر کو سپریم کورٹ جانے سے روکنے کے لئے کی گئی جب ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد انہیں جبری کارروائی سے عبوری راحت نہ دی گئی۔
دہلی اسمبلی کے اسپیکر رام نواس گوئل نے کہا "وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر جس پیمانے پر فورس تعینات کی جا رہی ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ای ڈی وزیر اعلیٰ کو گرفتار کرنے آئی ہے۔ اگر عدالت اس معاملے کی سماعت کے لیے راضی ہے تو ای ڈی اتنی بے چین کیوں ہے؟ منیش سسودیا کو بھی ایجنسی نے پچھلے ایک سال کے دوران بغیر کسی ثبوت کے گرفتار کیا تھا۔ یہ ایک چھوٹا سا جھٹکا ہو سکتا ہے لیکن پارٹی مضبوط ہو کر ابھرے گی۔ پارٹی اور تمام ایم ایل ایز نے فیصلہ کیا ہے کہ سی ایم کیجریوال گرفتاری کے بعد استعفیٰ نہیں دیں گے۔ حکومت جیل سے چلائی جائے گی”









