تحریک حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملہ کرکے قدس فورس کے کمانڈر محمد رضا زاہدی سمیت پاسداران انقلاب کے رہنماؤں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا امام خمینی اور رضا زاہدی نے القدس کو کیا دیا اسے یاد رکھنے کی ضرورت ہے۔
ہنیہ نے القدس ڈے منانے کے لیے ٹیلی ویژن پر نشر اپنی ایک تقریر میں مزید کہا کہ تحریک حماس اپنے مطالبات پر قائم ہے۔ ان مطالباًت میں ایک مستقل جنگ بندی، غزہ کی پٹی سے جامع اور مکمل اسرائیلی انخلا، تمام بے گھر افراد کی ان کے گھروں کو واپسی، غزہ کے لوگوں کے لیے تمام ضروری امداد کا داخلہ، پٹی کی تعمیر نو، محاصرے کا خاتمہ اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے تک پہنچنا شامل ہے۔ہنیہ نے یہ بیانات حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کی جانب سے دمشق میں قونصل خانے پر ہونے والے بم دھماکے میں ایرانی رہنما محمد رضا زاہدی کی موت کی مذمت کے بعد دئیے ہیں۔ القسام نے کہا تھا کہ 7 اکتوبر کو ہونے والے حملے میں ان کا کردار نمایاں تھا
القسام نے منگل کو ایک بیان میں مزید کہا تھا کہ محمد رضا زاہدی نے کئی سالوں سے ہمارے محاذ کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا۔









