شام میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے پر ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر یحیٰی رحیم صفاوی نے کہا ہے کہ اسرائیل کا کوئی بھی سفارتخانہ اب محفوظ نہیں رہا۔
آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کے مشیر یحیٰی رحیم صفاوی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران اسرائیل کے ساتھ تصادم کو جائز اور قانونی حق کے طور پر دیکھتا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کے مشیر نے مزید کہا کہ شام میں گذشتہ ہفتے اسرائیل نے ایرانی سفارتخانے پرحملہ کیا تھا۔
انکا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے 2 کمانڈروں سمیت 7 ارکان شہید ہوئے تھے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران کے جوابی حملے کے خطرات پر اسرائیل میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
دوسری طرف ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد حسین بغیری نے کہا کہ شام میں ایرانی سفارتخانے پر حملہ اسرائیل کا خودکش مشن تھا۔
اپنے بیان میں ایرانی فوج کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ شام میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے کا جواب دیا جائے گا۔
میجر جنرل محمد حسین بغیری نے کہا کہ ایران اپنے ردعمل کا وقت اور طریقہ کار منتخب کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران مناسب اور درست انداز میں جوابی کارروائی کرے گا۔ میجر جنرل محمد حسین بغیری نے کہا کہ ایران ایسی جوابی کارروائی کرے گا جس کے بعد اسرائیل کو اپنے اقدامات پر پچھتاوا ہوگا۔









