نئی دہلی: خبروں کے مطابق، گجرات کے بناس کانٹھا میں جمعرات (23 مئی) کو گئو رکشکوں نے ایک شخص کو مبینہ طور پر پیٹ-پیٹ کر ہلاک کر دیا۔
ٹائمز آف انڈیا نے مقامی پولیس کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ پانچ لوگوں کے ایک گروپ نے جمعرات کی صبح 40 سالہ مشری خان بلوچ کو مبینہ طور پر اس وقت پیٹ-پیٹ کر ہلاک کر دیا، جب وہ دو بھینسوں کو ایک پک اپ وین میں مویشی بازار لے جار ہے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشری خان کے ساتھ حسین خان بلوچ نامی شخص بھی تھا جو حملہ آوروں سے بچ کر نکل گیا اور وہی اس کیس میں شکایت کنندہ ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے ملزمان کے خلاف قتل، غلط طریقے سے روکنے، فساد اور مہلک ہتھیاروں کے ساتھ دنگا کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
انڈین ایکسپریس نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ اس معاملے کے ملزمین میں اکھراج سنگھ پربت سنگھ واگھیلا نام کا ایک شخص ہے، جو گزشتہ سال جولائی میں گئو رکشکوں سے متعلق تشدد کے ایک اور واقعے میں ملزم تھا اور وہ جیل میں بھی رہا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ گجرات ہائی کورٹ نے پہلے معاملے میں واگھیلا کی حراست کےفیصلے کو رد کر دیا تھا۔
اخبار نے اطلاع دی ہے کہ پولیس نے پانچ میں سے دو ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے اور باقی تین کی تلاش جاری ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، جمعرات کے واقعے پر مقامی پولیس نے اس بات کی تردید کی کہ بلوچ کا قتل ماب لنچنگ کا ایک واقعہ تھا – انہوں نے کہا کہ یہ متاثرین اور ملزمین کے درمیان پرانے تنازعہ کی وجہ سے ہوا۔
سال 2018 کے ایک فیصلے میں سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوں اور اس نے ریاستی حکومتوں کو ہجومی تشدد کے معاملات میں احتیاطی اور تدارک کے اقدامات پر عمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔کچھ لوگوں کا الزام ہے کہ کچھ ریاستوں میں پولیس عدالت عظمیٰ کے 2018 کے فیصلے کے تحت اپنی ذمہ داریوں سے بچنے کے لیے ہجومی تشدد کے مقدمات کو تنازعات یا حادثات کے طور پر درج کرتی ہے ۔
کئی لوگوں نے گئو رکشکوں کے تشدد کا خمیازہ مسلمانوں اور دلتوں کے بھگتنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ گئو رکشکوں میں سے کئی بی جے پی سے وابستہ انتہا پسند ہندو گروپوں سے منسلک ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔(سورس:دی وائر)









