نئی دہلی:دہلی ہائی کورٹ نے دہلی فسادات اور غداری کیس میں شرجیل امام کو ضمانت دے دی ہے۔ شرجیل کے خلاف ان کی مبینہ اشتعال انگیز تقاریر پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں عدالت نے قانونی ضمانت منظور کر لی ہے۔
میڈیا رپورٹ ک مطابق اشتعال انگیز تقاریر کرنے کے الزام میں گرفتار شرجیل امام کو تقریباً ساڑھے چار سال بعد ضمانت مل گئی ہے۔ مقدمے میں قانونی ضمانت اس بنیاد پر مانگی گئی تھی کہ وہ سات سال کی زیادہ سے زیادہ سزا میں سے چار سال پہلے ہی جیل میں گزار چکے ہیں۔
گرفتاری کب ہوئی؟
جنوری 2022 میں، دہلی کی ایک عدالت نے اتر پردیش کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور دہلی کے جامعہ علاقے میں شرجیل امام کی طرف سے دیے گئے مبینہ اشتعال انگیزبیانات و تقاریر کے سلسلے میں بغاوت کے الزامات کا حکم دیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج امیتابھ راوت نے شرجیل امام کے خلاف دفعہ 124A (بغاوت)، 153A، 153B، 505 IPC اور UAPA کی دفعہ 13 کے تحت الزامات عائد کرنے کا حکم دیا تھا۔ شرجیل امام، جے این یو کے سابق طالب علم اور شاہین باغ احتجاج کے اہم منتظمین میں سے ایک کو 2020 میں بہار کے جہان آباد
سے گرفتار کیا گیا تھا۔
شرجیل امام کون ہیں؟
شرجیل بہار کے جہان آباد ضلع کے کاکو میں ایک بااثر مسلم گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد اکبر امام جنتا دل یونائیٹڈ کے رہنما رہ چکے ہیں۔ شرجیل کی ابتدائی تعلیم سینٹ زیویئر ہائی اسکول پٹنہ سے ہوئی جہاں دسویں جماعت تک تعلیم مکمل کی۔ 10ویں کلاس میں اچھے نمبر حاصل کرنے کے بعد دہلی پبلک اسکول وسنت کنج میں 11ویں اور 12ویں کلاس میں داخلہ لیا گیا۔ شرجیل امام نے آئی آئی ٹی بمبئی سے بی ٹیک اور ایم ٹیک کیا ہے، جب کہ انہوں نے 2013 میں جے این یو سے ماڈرن ہسٹری میں پی جی کی ڈگری مکمل کی۔









