پپو یادو نے پورنیہ لوک سبھا سیٹ پر جیت کا پرچم لہرا دیا ہے۔ بی جے پی امیدوار سنتوش کشواہا سے انھیں زبردست ٹکر ملی تھی اور دونوں میں آگے بڑھنے کی ہوڑ دیکھنے کو ملی۔ آخر میں پپو یادو نے تقریباً 10 ہزار ووٹوں سے جیت حاصل کر لی۔ پورنیہ سے آر جے ڈی نے بیما بھارتی کو کھڑا کیا تھا، لیکن وہ اس لڑائی میں دور دور تک نظر نہیں آئیں۔
پہلے جو خبریں آرہی تھیں ان کے مطابق بہار کی ’ہاٹ سیٹ‘ پورنیہ میں حیرت انگیز رجحان دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ دراصل پورنیہ میں آر جے ڈی امیدوار بیما بھارتی کو اب تک تقریباً 6000 ووٹ ہی حاصل ہو سکے ہیں۔ پورنیہ میں اہم مقابلہ پپو یادو اور سنتوش کشواہا (بی جے پی) کے درمیان دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کبھی پپو یادو آگے نظر آ رہے ہیں تو کبھی سنتوش کشواہا کو سبقت مل رہی ہے۔
ادھر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو کی بڑی بیٹی میسا بھارتی پاٹلی پترا لوک سبھا سیٹ پر لگاتار آگے چل رہی ہیں۔ اس سیٹ پر بڑا الٹ پھیر ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ گزشتہ دو لوک سبھا انتخابات میں رام کرپال سے ہارنے والی میسا بھارتی اس بار بی جے پی امیدوار رام کرپال کو بہت پیچھے چھوڑ چکی ہیں۔ فی الحال وہ تقریباً 24 ہزار ووٹوں سے آگے چل رہی ہیں۔
بہار میں لوک سبھا کی 40 سیٹیں ہیں جس کے لیے 497 امیدواروں نے قسمت آزمائی کی ہے۔ ان میں خاتون امیدواروں کی تعداد 39 ہے۔ اس ریاست میں ساتوں مراحل میں ووٹ ڈالے گئے اور مجموعی طور پر ووٹنگ کا فیصد 56.96 رہا۔ پچھلی بار بہار کی 40 میں سے 39 سیٹوں پر این ڈی اے کا قبضہ ہوا تھا اور اس مرتبہ پرانی کارکردگی کو برقرار رکھنا سیاسی ماہرین کی نظر میں مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔ بہار میں ووٹ شماری کے لیے 40 مراکز بنائے گئے ہیں جہاں سخت سیکورٹی کے درمیان ووٹوں کی گنتی ہو رہی ہے۔









