ممبئی: مہاراشٹر میں جاری اسمبلی کے مانسون اجلاس کے دوران این سی پی-ایس پی گروپ کے قدآور لیڈر اور رکن اسمبلی روہت پوار کے ایک دعوے سے مہاراشٹر کی سیاست میں بھونچال سا آگیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اجیت پوار گروپ کے 22 ارکان اسمبلی شرد پوار گروپ کے رابطے میں ہیں اور یہ کہ اسمبلی انتخاب میں بی جے پی اجیت پوار گروپ کو 20-22 سیٹوں سے زیادہ نہیں دے گی۔ روہت پوار کا یہ دعویٰ اس لیے بھی کافی اہم مانا جا رہا ہے کہ 6 ماہ کے اندر ریاستی اسمبلی کے انتخابات ہونے والے ہیں۔
مراٹھی نیوز پورٹل ’اے بی پی ماجھا‘ سے بات کرتے ہوئے روہت پوار نے ایک اور دعویٰ بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آنے والے اسمبلی انتخاب میں بی جے پی اجیت پوار کے گروپ کو محض 20 سیٹیں ہی دے گی۔ اگر اجیت پوار گروپ 20 سیٹوں پر راضی نہیں ہوگا تو بی جے پی اسے علاحدہ طور الیکشن لڑنے کے لیے کہے گی۔ روہت پوار نے مزید کہا ہے کہ انہیں (اجیت پوار) کو بھی معلوم ہے کہ بی جے پی ان کا استعمال کرنے والی ہے۔ اس لیے یا تو اجیت پوار بی جے پی کے ساتھ رہیں اور انہیں 20 سے 22 سیٹیں دی جائیں گی۔ اگر وہ بی جے پی کے ساتھ نہیں رہیں گے تو ان کے امیدوار تمام سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے مگر کوئی بھی نہیں جیتے گا۔
این سی پی-ایس پی کے لیڈر نے کہا کہ لوک سبھا الیکشن میں اجیت پوار گروپ کی جو حالت ہوئی ہے اس کی وجہ سے اجیت پوار گروپ میں زبردست بے چینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجیت پوار گروپ کے 22 ارکان اسمبلی شرد پوار گروپ کے رابطے میں ہیں۔ روہت پوار نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم شروع سے کہتے آ رہے ہیں کہ بی جے پی ہمیشہ عوامی لیڈروں کو ختم کرتی ہے اور اجیت پوار کے معاملے میں بھی ایسا ہی ہونے والا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے ریاست میں اجیت پوار کو مہایوتی کے کارکنان اور لیڈران کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پونے کے بعد اب انداپور میں بھی ایک پروگرام مہایوتی کے کارکنوں نے اجیت پوار کا علانیہ نام لیتے ہوئے ان کے تئیں اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔









