مہاراشٹرا میں بی جے پی کے لیے مشکلات بڑھتی نظر آرہی ہیں۔ لوک سبھا انتخابات میں انتہائی خراب کارکردگی کے بعد پارٹی نے اسمبلی انتخابات کی تیاری شروع کردی ہے، لیکن اجیت پوار کے ساتھ اتحاد کو لے کر پارٹی میں مخالفت کی آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔
دوسری طرف اجیت پوار کی این سی پی میں پھوٹ کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ ایسے میں اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست کی سیاست کیا موڑ لے گی اس پر قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔ اجیت پوار کی این سی پی اور بی جے پی کے درمیان تعلقات، جو مہاراشٹر میں این ڈی اے اتحاد کا حصہ ہیں، بگڑتے دکھائی دے رہے ہیں۔ بی جے پی کے ایک لیڈر نے کھل کر کہا ہے کہ بی جے پی کو این سی پی کے ساتھ اتحاد ختم کرنا چاہئے اور ہمیں ان کی ضرورت نہیں ہے۔
مہاراشٹر میں چند ماہ بعد اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور اس سے پہلے بی جے پی اور اجیت پوار کی این سی پی کے درمیان کشیدگی کی خبروں سے این ڈی اے اتحاد کو نقصان پہنچ سکتا ہے بی جے پی نے اسمبلی انتخابات کی تیاری شروع کر دی ہے۔ مہاراشٹر کے انچارج بھوپیندر یادو اس سلسلے میں جمعہ کو مہاراشٹر پہنچے۔ دوسری طرف، مہاراشٹر حکومت نے بھی جمعہ کو کئی عوامی اعلانات کئے۔ ادھر سنگھ وچارک رتن شاردا نے آرگنائزر میں لکھے اپنے مضمون میں انہوں نے کہا تھا کہ مہاراشٹر میں این سی پی کے ساتھ اتحاد کرنا درست فیصلہ نہیں تھا اور ایسا کرکے بی جے پی نے اپنی برانڈ ویلیو کو کم کیا ہے۔
دوسری طرف این سی پی ناراض بتائی جاتی ہے کہ بی جے پی نے اسے مرکزی حکومت میں کابینہ وزیر کا عہدہ نہیں دیا۔ این سی پی نے وزیر مملکت کی پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ تب این سی پی کو بی جے پی ہائی کمان سے یقین دہانی ملی تھی کہ جلد ہی اس کا حل نکال لیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ کچھ دن پہلے، اجیت پوار کے چچا اور غیر منقسم این سی پی کے بانی، شرد پوار نے نشاندہی کی تھی کہ ان کی پارٹی کے دروازے ان لوگوں کے لیے کھلے ہیں جو انھیں چھوڑ کر اجیت پوار میں شامل ہوئے ہیں۔
کیا ہے بی جے پی لیڈر کا بیان؟
بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی کی پونے یونٹ کے ضلع نائب صدر سدرشن چودھری نے پارٹی کی میٹنگ میں کہا کہ اگر آپ سڑکوں پر پارٹی کیڈر سے پوچھیں گے تو وہ صاف کہہ دیں گے کہ اجیت پوار کے ساتھ اتحاد ختم کر دیا جائے۔
ہم نے کئی سالوں سے ان کے خلاف الیکشن لڑا ہے۔ آخر ہمیں ان کی ضرورت کیوں ہے؟ ہم نہیں چاہتے کہ وہ الیکشن جیتیں تاکہ وہ وزیر بن کر ہمیں حکم دیں۔ انہوں نے یہاں تک کہا کہ اجیت پوار سے ہاتھ ملانے کا مطلب ہے کہ ہم اقتدار میں واپس نہیں آنا چاہتے۔
بتایا جاتا ہے کہ سدرشن چودھری نے یہ بات بی جے پی کی شرور لوک سبھا سیٹ کے لیے بلائی گئی خفیہ جائزہ میٹنگ میں کہی۔ ان کے بیان سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی اور این سی پی کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔









