یوپی پولیس کے حکم پر مہر لگاتے ہوئے یوگی سرکار نے کانوڑ روٹ ٹھیلے دکانوں ریستورانوں کے لئے فرمان جاری کیا ہے جس کے مطابق حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام دکانوں اور گاڑیوں پر اپنے نام لکھیں تاکہ کنور یاتریوں کو معلوم ہو سکے کہ وہ کس دکان سے سامان خرید رہے ہیں۔
تمام تنازعات کے درمیان سی ایم یوگی نے کانوڑ یاتریوں کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر نے کہا ہے کہ اتر پردیش کے کانوڑ راستوں پر کھانے پینے کی دکانوں پر ‘نیم پلیٹس’ لگانے ہی ہوں گے اور دکانوں پر مالک، آپریٹر کا نام اور شناخت لکھنی ہوگی۔ سی ایم او کے مطابق یہ فیصلہ کانوڑ یاتریوں کے عقیدے کے احترام کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے اور حلال سرٹیفیکیشن کے ساتھ مصنوعات فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ادھرہندو تنظیموں کا الزام ہے کہ کچھ دکاندار نام بدل کر اور اپنی شناخت چھپا کر دکانیں چلاتے ہیں۔ اس سے کانواڑیوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے۔ اس سلسلے میں جب پولیس میں شکایت آئی تو جانچ کے بعد یہ حکم دیا گیا۔ وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے جمعرات کو اتر پردیش پولیس کے کانوڑ یاترا کے راستے پر واقع کھانے پینے کی دکانوں سے ان کے مالکوں کے نام ظاہر کرنے کے حکم کی حمایت کی اور کہا کہ یہ ہندوؤں کے عقیدے کی حفاظت کے لیے ضروری ہے۔
اس حکم کی بڑے پیمانے پر تنقید کی جارہی ہے ۔اپوزیشن نے اسے مسلمانوں کے معاشی بائیکاٹ سے تعبیر کیا ہے-










