جے پور ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی کی طرف سے منظم طور پر ہندو مسلم نریٹو سیٹ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کیونکہ اس کا ہر تیر ضائع جارہا ہے ۔چنانچہ ایک طرف اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں کانوڑ کے راستے پر موجود دکان مالکان کو اپنا نام لکھنے کی ہدایت دی گئی ہے، وہیں راجستھان سرکار نے ایک قدم آگے بڑھ کر ریاستی راجدھانی جئے پور میں گوشت کی دکانوں پر ’حلال‘ یا ’جھٹکا‘ لکھنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ حکم گریٹر نگر نگم کی میئر سومیا گوجر نے دیا ہے۔ اس حکم نامہ کے بعد اب سبھی گوشت دکانداروں کے لیے لازم ہو گیا ہے کہ وہ دکان میں یہ لکھ کر لگائیں کہ ان کے یہاں حلال گوشت فروخت ہوتا ہے، یا پھر جھٹکا گوشت فروخت کیاجاتا ہے۔
میئر سومیا گوجر کے ذریعہ جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ گوشت کی دکانوں پر حلال یا جھٹکا لکھنے کی ہدایت اس لی دی گئی ہے تاکہ کسی کے جذبات مجروح نہ ہونے پائیں۔ میئر نے اسی کے ساتھ وارننگ دی ہے کہ اگر اس حکم پر تعمیل نہیں ہوئی تو قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہر میں موجود غیر قانونی گوشت کی دکانوں پر کارپوریشن کارروائی کرے گی۔
یہ فیصلہ کارپوریشن کی مجلس عاملہ کمیٹی کی چوتھی میٹنگ میں لیا گیا ہے۔ میئر نے اپنے فیصلے سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ نگر نگم (میونسپل کارپوریشن) کے علاقوں میں سروے کرایا جائے گا تاکہ معلوم ہو سکے کہ کن دکانوں نے حکم پر عمل کیا ہے۔ ساتھ ہی کمرشیل لائسنس پر ہی دکاندار گوشت فروخت کر سکتے ہیں۔ جن کے پاس لائسنس نہیں ہوگا، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔










