اتر پردیش حکومت نے کانوڑ یاترا کے راستوں پر پڑنے والی دکانوں پر مالکان کے نام اور موبائل نمبر لکھنے کا حکم دیا ہے، جس کی وجہ سے ایک تنازعہ شروع ہو گیا ہے۔ اب یہ معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچ گیا ہے۔ ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس نام کی ایک این جی او نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی ہے جس میں یوپی حکومت کے حکم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ عرضی 20 جولائی کی صبح 6 بجے آن لائن داخل کی گئی تھی۔ سپریم کورٹ رجسٹری نے کیس سماعت کے لیے درج کر دیا۔
سپریم کورٹ کے ججوں جسٹس ہریشکیش رائے اور جسٹس ایس وی این بھٹی کی بنچ 22 جولائی کو ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس کی درخواست پر سماعت کرے گی۔ واضح ہوکہ اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے کانوڑ یاترا کے راستے پر آنے والے کھانے پینے کی دکانوں، ڈھابوں، پھلوں کی دکانوں اور چائے کی دکانوں سے کہا ہے کہ وہ مالکان کی تفصیلات والے نام کی تختیاں لگائیں۔ اس کو لے کر ریاست سمیت ملک کی سیاست گرم ہو گئی ہے۔ اپوزیشن نے یوپی کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کے اس حکم کو فرقہ وارانہ قرار دیا ہے اور بی جے پی پر تقسیم کی سیاست کرنے کا الزام لگایا ہے۔










