غزہ:المناک مناظر غزہ شہر میں رپورٹ کیے گئے، جہاں اسرائیلی فضائی حملوں نے دو اسکولوں کو نشانہ بنایا، جس میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
دوسری طرف فرانس نے امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ مل کر اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے پر زور دیا۔ ایک درجن سے زائد ممالک نے علاقائی جنگ کے خطرے کے درمیان سفری مشورے جاری کیے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں دو اسکولوں پر بمباری کردی، جس کے نتیجے میں کم از کم 30 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے فضائیہ بمباری میں شیخ ردوان محلے میں واقع الہمامہ اسکول کو نشانہ بنایا ہے، یہ اسکول ایک پناہ گزین کیمپ تھا، جہاں سیکڑوں افراد موجود تھے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے اسکولوں پر 2 مرتبہ بمباری کی گئی، پہلے حملے میں 10 افراد شہید ہوئے۔ دوسری بمباری اُس وقت کی گئی جب لوگ پہلے حملے میں زخمیوں کو نکالنے اور مدد کرنے میں مصروف تھے۔
اس حملے میں مزید 20فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
حماس کی جانب سے اسکول پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی فوج کی بمباری میں 39 ہزار 950 لوگ جاں بحق اور 91 ہزار 280 زخمی ہوچکے ہیں۔










