لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے مرکز کی مختلف وزارتوں میں جوائنٹ سکریٹریز، ڈائرکٹرس اور ڈپٹی سکریٹریوں کے کلیدی عہدوں پر جلد ہی 45 ماہرین کی ‘لیٹرل انٹری’ کے ذریعے تقرری کرنے کے فیصلے پر تنقید کی ہے۔ اس کی مذمت کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ لیٹرل انٹری کے ذریعہ اہم عہدوں پر بھرتی کرکے ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی زمروں کے ریزرویشن کو کھلے عام چھین لیا جارہا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھی گئی ایک پوسٹ میں اس سے پہلے، ایس پی سپریمو اکھلیش یادو اور بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے بھی اسے حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کی من مانی قرار دیا اور اسے "سازش اور آئین کی خلاف ورزی” قرار دیا۔
راہل گاندھی کی پوسٹ
راہل گاندھی نے لکھا، ‘نریندر مودی یونین پبلک سروس کمیشن کے بجائے ‘راشٹریہ سویم سیوک سنگھ’ کے ذریعے سرکاری ملازمین کی بھرتی کر کے آئین پر حملہ کر رہے ہیں۔ مرکزی حکومت کی مختلف وزارتوں میں لیٹرل انٹری کے ذریعے اہم عہدوں پر بھرتی کرکے ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی زمروں کا ریزرویشن کھلے عام چھینا جا رہا ہے۔ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ اعلیٰ بیوروکریسی سمیت ملک کے تمام اعلیٰ عہدوں پر پسماندہ افراد کی نمائندگی نہیں ہے، اسے بہتر کرنے کے بجائے لیٹرل انٹری کے ذریعے اعلیٰ عہدوں سے ہٹایا جا رہا ہے۔ یو پی ایس سی کی تیاری کرنے والے نوجوان اور محروموں کے لیے ریزرویشن سمیت سماجی انصاف کے تصور کو ٹھیس پہنچائی جا رہی ہے۔










