لکھنؤ : (ایجنسی)
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد کرے گی۔ اس اتحاد میں کئی دوسری چھوٹی پارٹیاں بھی ایس پی میں شامل ہوں گی۔ یہ معلومات ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر قاسم رسول الیاس نے اتوار کو یہاں یوپی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس میں دیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہفتہ 2 اکتوبر کو ان کی قیادت میں ایک وفد نے ایس پی سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کی۔ بات چیت میں دونوں فریقوں نے بی جے پی کو شکست دینے کے لیے مل کر لڑنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اکھلیش یادو نے ان سے اسمبلی نشستوں کی تفصیلات مانگی ہیں جن پر ویلفیئر پارٹی اور دیگر چھوٹی پارٹیاں اپنے امیدوار کھڑا کرنا چاہتی ہیں۔
قاسم رسول الیاس نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات کے ساتھ مل کرایک بنیادی اقدار پر مبنی جامع حکومت کی تشکیل دی جانی چاہئے ۔ بی جے پی کو ہرانے کے لیے تمام سیکولر پارٹیوں کو ایک منچ پر آنا ہی ہوگا۔ ہمیں سیکولر پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کرنا ہوگا تاکہ ایک مہا گٹھ بندھن بن سکے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے ساتھ 31 اور چھوٹی پارٹیاں بھی ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اس اسمبلی الیکشن میں بھی ترقی کے بجائے فرقہ وارانہ پولرائزیشن کا استعمال کرتے ہوئے سیکولر ووٹ بینک کو تقسیم کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔










