ہاپوڑ:(ایجنسی)
اترپردیش میں پلکھوا کوتوالی پولیس نے اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اور رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کے قافلے پر حملہ کرنے والے ملزم کو پستول فروخت کرنے والے ایک شخص کوگرفتار کیاہے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے یہ جانکاری دی ہے۔ دریں اثنا عدالت نے دونوں ملزم نوجوانوں سچن اور شبھم کو 24 گھنٹے کے لیے پولس حراست میں بھیج دیا ہے۔ پولیس دونوں ملزمان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ ایس ایس پی سرویش کمار مشرا نے بتایاہے کہ پولیس اویسی کے قافلے پر حملے کے تمام اہم پہلوؤں پر توجہ دے رہی ہے اور اسی سلسلے میں انہوں نے پستول فراہم کرنے والے ملزم سچن کو گرفتار کرلیاہے۔
مشرا نے بتایاہے کہ پستول فراہم کرنے والے شخص کی شناخت علیم کے طور پر کی گئی ہے جو میرٹھ کے منڈلی تھانہ علاقہ کے تحت ننگلمال کا رہنے والاہے۔ ایس ایس پی نے بتایاہے کہ علیم نے سچن کو دو پستول اور 40 کارتوس 1.20 لاکھ روپے میں فروخت کیے تھے۔ مشرا کے مطابق علیم بہار سے ٹرک ڈرائیوروں کے ذریعے غیر قانونی ہتھیار اسمگل کرتا تھا۔اس کے علاوہ پولیس نے عدالت سے ملزم سے پوچھ گچھ کے لیے ریمانڈکی استدعاکی تھی جس پر پولیس افسر کے مطابق عدالت نے ملزم کو 24 گھنٹے کی تحویل میں دے دیا۔
مشرا کے مطابق پولیس اب اس سے گہرائی سے پوچھ گچھ کر رہی ہے تاکہ حملے کی وجوہات اور پوری سازش کا پتہ لگایا جا سکے۔ حال ہی میں اتر پردیش میں انتخابی مہم سے واپس آتے ہوئے اسد الدین اویسی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی۔










