متھرا:(ایجنسی)
آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس اور ٹھاکر رسک بہاری مندر ٹرسٹ کے اشتراک سے شہید اشفاق اللہ خان اور پنڈ ت رام پرساد بسمل کے شہا دت کی برسی کی منا سبت سے ڈاکٹر لال بہادر کی سرپرستی میں برنداون، متھرا میں مفت یونانی میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔ پروگرام کے افتتاح سے قبل آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کی ڈاکٹرز ٹیم کا شاندار استقبال ہوا۔
ٹیم لیڈر ڈاکٹر سیّد احمد خاں کے علاوہ ڈاکٹر حبیب اللہ (سی ایم او، تہاڑ جیل، حکومت دہلی)، ڈاکٹر محمد ارشد غیاث (میڈیکل آفیسر یونانی، حکومت ہریانہ)، ڈاکٹر بدرالاسلام کیرانوی (ماہر انٹرنیشنل طبّی ورزش [یوگا]، نئی د ہلی)، ڈاکٹر طیب انجم (قومی صدر، آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس یوتھ ونگ)، ڈاکٹر احمد دیوبندی (ایم ڈی، زیتونہ)، حکیم عطاءالرحمن اجملی (ایم ڈی، اے اینڈ ایس فارمیسی)، حکیم محمد مرتضیٰ دہلوی (نائب صدر، آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس دہلی اسٹیٹ) کا تعارف کرایا گیا اور ان سب کی خدمات کا احاطہ بھی کیا گیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر لال بہادر نے کہا کہ قومی یکجہتی اور بھائی چارے کی ضروت دنیا میں ہمیشہ ہی رہی ہے مگر آج کچھ زیادہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کی طرف سے کیمپ لگانے کا یہ قدم یقینا قابل ستائش ہے۔ اس طرح کی سر گر میو ں سے نہ صرف طب یونانی کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ عوام کو بھی فائدہ ملتا ہے اور قومی یکجہتی کا بھی فروغ ہوتا ہے۔ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سید احمد خاں نے کہا کہ آج کا یہ مفت یونانی میڈیکل کیمپ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ ٹھاکر رسک بہاری مندر، ورنداون، متھرا میں یونانی میڈیکل کیمپ کے لئے جگہ مہیا کر کے جس قلبی وسعت کا مظاہرہ کیا اس کے لئے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ کیمپ سے بڑے پیمانے پر اہل علاقہ نے استفادہ کیا۔









