لکھنؤ :(ایجنسی)
اتر پردیش کے سابق کابینہ وزیر سوامی پرساد موریہ کے خلاف ایم پی؍ ایم ایل اے عدالت نے گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ہے۔ سلطان پور کی عدالت نے انہیں 24 جنوری کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
سال 2014 میں دیو ی- دیوتاؤں پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے کے معاملے میں سابق وزیر سوامی پرساد موریہ بدھ کو عدالت میں حاضر نہیں ہوئے، تو ایڈیشنل چیف مجسٹریٹ ایم پی؍ایم ایل اے نے ملزم سابق وزیر محنت سوامی پرساد موریہ کے خلاف جاری وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا۔ اب اس معاملے میں سماعت کی تاریخ 24 جنوری مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ سوامی پرساد موریہ کے خلاف کوئی نیا گرفتاری وارنٹ نہیں ہے۔ وارنٹ پہلے ہی جاری کیا گیا تھا، لیکن انہوں نے 2016 سے ہائی کورٹ سے اس پر روک لگا رکھی تھی۔ 6 جنوری کو ایم پی؍ایم ایل اے کورٹ نے موریہ کو 12 جنوری کو حاضر ہونے کے لیے کہا تھا، جب وہ پیش نہیں ہوئے تو وارنٹ کو منسوخ کر دیا گیا۔
سوامی پرساد موریہ ان دنوں یوپی کی سیاست کے سب سے زیادہ مشہور چہروں میں سے ایک ہیں۔ معلوم ہو کہ موریہ نے یوگی حکومت کے کابینہ وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور بی جے پی پر پسماندہ طبقے،دلتوں کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ ایسے اشارے ملے ہیں کہ موریہ سماج وادی پارٹی میں شامل ہوں گے، لیکن وہ ابھی تک سرکاری طور پر ایس پی میں شامل نہیں ہوئے ہیں۔ ’آج تک‘ سے بات چیت میں موریہ نے کہا ہے کہ وہ 14-15 تاریخ کو اس پر فیصلہ لیں گے۔
سوامی پرساد موریہ کی بیٹی اور بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ سنگھمترا موریہ نے کہا ہے کہ ان کے والد نے کابینہ سے استعفیٰ ضرور دیا ہے لیکن سماج وادی پارٹی میں شامل نہیں ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی سنگھمترا نے کہا ہے کہ وہ خود بی جے پی میں ہی رہیں گی۔ اکھلیش کے ساتھ آئے سوامی پرساد موریہ کی تصویر پر بیٹی سنگھمترا موریہ نے کہا کہ ایسی تصویر 2017 میں بھی سماج وادی پارٹی کے لوگوں نے جاری کی تھی۔
یوگی حکومت میں کابینہ کے وزیر سوامی پرساد موریہ کے بعد منگل کو مزید تین ایم ایل اے بی جے پی چھوڑ چکے ہیں۔ ان میں باندہ ضلع کی تینواری اسمبلی کے ایم ایل اے برجیش پرجاپتی، شاہجہاں پور کی تلہار سیٹ سے ایم ایل اے روشن لال ورما اور کانپور کے بلہور سے ایم ایل اے بھگوتی ساگر شامل ہیں۔ اور آج کی خبرکےمطابق دارا سنگھ چوہان بھی استعفیٰ دے دیاہے ۔خبر کے مطابق ان ایم ایل اے نے سوامی پرساد موریہ کی حمایت میں بی جے پی چھوڑ دی ہے۔











