گوہاٹی : (ایجنسی)
آسام کے دیما ہساؤ ضلع میں دیونگبرا کے پاس جمعرات رات مشتبہ انتہا پسند نےسات ٹرکوں میں آگ لگا دی۔ اس سے پانچ ٹرک ڈرائیوروں کی جل کر موت ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق آتشزدگی سے پہلے مشتبہ انتہا پسند وں نے کئی راؤنڈ فائرنگ بھی کی۔ موقع پر پہنچی پولیس ٹیم نے پانچ لاش برآمد کی ہیں۔ یہ وارادات راجدھانی گوہاٹی سے تقریباً 200 کلومیٹر کی دوری پر پیش آئی۔
آسام پولیس نے کہا کہ اس واقعے کے پیچھے عسکریت پسند گروپ دیماسا نیشنل لبریشن آرمی(ڈی این ایل اے)کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ ضلع کے ایس پی نے بتایا کہ واقعہ کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ شرپسندوں کو پکڑنے کے لیے آسام رائفلز کی مدد لی جا رہی ہے۔
کچھ دن پہلے آسام اور میزورم کے درمیان سرحدی تنازع میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ دونوں ریاستوں کی پولیس اور شہریوں کے درمیان تصادم ہواتھا۔ دونوں طرف سے پہلے لاٹھی چلائی گئی ، جب معاملہ بڑھا تو پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے۔ اس دوران فائرنگ بھی ہوئی۔ تشدد کے بعد سی آر پی ایف کو کشیدگی کے درمیان آسام اور میزورم کے درمیان متنازع سرحد پر تعینات کرنا پڑا۔
اس سے قبل مئی میں آسام رائفلز اور ریاستی پولیس کے مشترکہ آپریشن میں سات ڈی این ایل اے عسکریت پسند مارے گئے تھے۔ یہ تصادم ناگالینڈ کی سرحد سے متصل مغربی کربی اینگلونگ ضلع میں ہوا۔ سکیورٹی فورسز کو یہاں عسکریت پسندوں کے چھپنے کی اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد سرچ آپریشن کیا گیا۔








