اسلام آباد :(ایجنسی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹ میں مزید دو ریکارڈز اپنے نام کرتے ہوئے دنیائے کرکٹ کے نامور بلے بازوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں سب سے کم اننگز میں 17 سنچریاں بنانے والے بیٹر اور تیز ترین 1000 رنز بنانے والے کپتان بھی بن گئے۔
بابر اعظم نے یہ اعزاز ملتان میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میں اپنے نام کیا، انہوں نے 9 چوکوں کی مدد سے اپنے کیریئر کی 17ویں سنچری بنائی۔
بابر اعظم نے 103 رنز کی اننگ کھیلی، اس دوران انہوں نے کپتان کی حیثیت سے اپنے کیریئر کے 1000 رنز بھی مکمل کرلیے۔
اس سے قبل ویرات کوہلی نے 17 اننگز، اے بی ڈی ویلیئرز نے 18 اننگز، کین ولیمسن نے 20 اننگز اور الیسٹر کُک نے 21 اننگز کھیل کر بطور کپتان ایک ہزار رنز مکمل کیے تھے۔