بنگلور : (ایجنسی)
کرناٹک کے ساحلی علاقے سے مارل پولیسنگ کا ایک واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں میڈیکل کے طالب علموں کے ایک گروپ کو مبینہ طور پر ہراساں کیا گیا اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔ اس معاملے میں رائٹ ونگ کی ایک تنظیم کے پانچ ارکان کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
دی انڈین ایکسپریس نے ایک سینئر پولیس افسر کے حوالے سے بتایا کہ ملزمان کی شناخت بجرنگ دل کے ارکان پریتم شیٹی ، ارشیتھ ، سری نواس ، راکیش اور ابھیشیک کے طور پر کی گئی ہے۔ پانچوں کے خلاف آئی پی سی کی دفعات 341 (غلط طریقے سے روکنا) ، 323 (جان بوجھ کر چوٹ پہنچانا) اور 504 (جان بوجھ کر توہین کرنا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ 26 ستمبر کی شام کو پیش آیا ، جہاں ایم بی بی ایس سیکنڈ ایئر کے چھ طالب علم مالپے بیچ سے واپس جا رہے تھے۔
ملزمان نے سورتھکل چیک پوسٹ پر ان کی گاڑی روکی ، ان کے نام پوچھے اور خواتین سے ’مسلمانوں کے ساتھ‘ ہونے پر پوچھ گچھ کی۔ اس کے بعد ارکان نے اسٹوڈنٹس کے ساتھ بدتمیزی شروع کر دی۔ موقع پر موجود ٹریفک پولیس نے صورتحال کو سنبھالا اور انہیں بھگا دیا۔
منگلورو پولیس کمشنر این ششی کمار نے کہا کہ شکایت کنندگان نے کہا کہ وہ پکنک سے واپس آرہے تھے اور انہیں معلوم نہیں تھا کہ حملہ آور کون ہیں۔ انہوں نے طلبہ کے نام پوچھے اور ان پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاںملزمنے دعویٰ کیاکہ کچھ لوگ گاڑی میں خواتین کو پریشان کررہے تھے ، وہیں جانچ میں سامنے آیا ہے کہ شکایت کنندگان کےدعوے صحیح تھے ۔










