نئی دہلی:(ایجنسی)
کل ہی یہ خبر آئی تھی کہ اترپردیش ہائیر ایجوکیشن کمیشن ( یو پی ایچ ای ایس سی ) نے اپنی ویب سائٹ پر مشہور شاعر اکبر الہ آبادی کا نام بدل کر ’’اکبرپریاگ راجی‘‘ کردیاہے، لیکن اس خبر کے ایک دن بعد ان کےپرانے نام کو بحال کردیاگیاہے۔
سید اکبر حسین کو لوگ اکبر الٰہ آبادی کے نام سے جانتے ہیں۔ وہ اردو کے مشہور شاعر تھے جو آج بھی جدید قارئین میں مقبول ہیں۔
یو پی ایچ ای ایس سی کی ویب سائٹ نے اکبر الہ آبادی کے علاوہ دو دیگر شاعروںکا نام بھی بدل دیاتھا جو اپنے نام کے پیچھے الہ آبادی لگاتے تھے، وہ تھے – راشد الہ آبادی اور تیغ الہ آبادی ۔
یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے 2018 میں الہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج کر دیا تھا۔
اتر پردیش کے وزیر تعلیم سے جب نام میں ہوئے بدلاؤ کے بارے میں بات کی گئی تھی تو انہوں نے کہاکہ انہیں اس کی جانکاری نہیںہے اور یوپی ایچ ای ایس سی ایک خود مختار ادارہ ہے ۔
اب بدھ کو پینل کے چیئرمین ایشور شرن وشوکرما نے کہا کہ ویب سائٹ ہیک کرلی گئی تھی اور اب غلطیوں کو ٹھیک کر لیاگیا ہے۔
دی پرنٹ سے بات کرتے ہوئے، وشوکرما نے کہا، ’غلطی منگل کو سامنے آئی اور ہم یہ جاننے کی کوشش کر رہے تھے کہ کیا ہوا، لیکن پتہ چلا کہ ویب سائٹ ہیک ہو گئی تھی۔ کسی نے جان بوجھ کر شاعروں کے نام بدلے اور اب غلطی سدھار لی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سائبر سیل میں پولیس شکایت درج کرائی گئی ہے تاکہ معاملے کی تحقیقات کی جا سکیں اور مجرموں کو پکڑا جا سکے۔
ویب سائٹ پر نام تبدیل کرنے پر اسے کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیاتھا۔ الہ آباد یونیورسٹی میں تاریخ کے پروفیسر ہرمب چترویدی نے اس تبدیلی کے معاملے پر سیدھا کہا، ‘یہ چھیڑ چھاڑ ہے۔ احمقوں کو معاف کر دینا چاہیے۔ بی جے پی لیڈر ریتا بہوگنا جوشی، جو الہ آباد یونیورسٹی میں تاریخ کی پروفیسر بھی ہیں، نے یہ کہہ کر اسے کم کرنے کی کوشش کی کہ ’یہ ایک دستی غلطی ہو سکتی ہے کیونکہ کوئی شخص اس طرح کسی شخص کا نام نہیں بدل سکتا۔‘










