احمد آباد : (ایجنسی)
پرفارمنس کےدوران گرفتار ہونے کےبعد سرخیوںمیں آئے اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی ایک بار پھر سے خبروں میں ہیں۔ دراصل بجرنگ دل نے فاروقی کو ان کےگجرات دورے کو لےکر دھمکی دی ہے اور کہا ہےکہ وہ ریاست میں منور کی پرفارمنس نہیں ہونے دیں گے ۔
فاروقی نے حال ہی میں بتایا تھا کہ وہ گجرات کا دورہ کرنے والے ہیں۔ یہ دورہ یکم اکتوبر سے شروع ہونے والا ہے،حالانکہ فاروقی کو مل رہی دھمکیوں اور انتباہ کے مدنظر اس دورے پر شبہات برقرار ہے ۔
گجرات بجرنگ دل کے لیڈر جیوتل مہتا نے ایک ویڈیو ٹویٹ کیا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ‘’اس نے اپنے کام سے ہندو دھرم پر حملہ کیا ، اس نے اپنی کامیڈی سے ہندو دھرم کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی لیکن بجرنگ دل ان چیزوں کو لے کرروا دار نہیں ہے ۔ بجرنگ دل کو جیسےکوتیسا جواب دینا آتاہے ۔ ہم آپ سے یہ شو کینسل کرنے کو کہہ رہے ہیں اور اگر آپ نے ایسا نہیں کیا تو مالی،جسمانی اورذہنی نتائج بھگتنے کو تیار رہو۔
منوور نے گجرات کے ڈونگری میں اپنے شو کا اعلان کیا تھا۔ یہاں سے شروعات کے بعد وہ ریاست کے الگ الگ حصوں میں ایک سے 3 اکتوبر کے درمیان شو کریں گے ۔
بتادیں کہ اس سال جنوری میں بی جے پی ایم ایل اے کے بیٹے کی شکایت پر منور فاروقی کو اندور میں ایک پرفارمنس کے درمیان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے شو میں ہندو دیوتاؤں اور وزیر داخلہ امت شاہ کے بارے میں قابل اعتراض باتیں کہی تھیں۔ منور کو فروری میں سپریم کورٹ سے ضمانت ملی تھی۔










