نئی دہلی (ایجنسی)
کورونا وائرس ( کووڈ 19-) سے جن لوگوں کی موت ہوئی ہے، ان کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کے حوالہ سے مرکزی حکومت کی طرف سے بڑافیصلہ لیاگیا ہے ۔ مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں بتایا ہے کہ کورونا سے موت پر اہل خانہ کو 50 ہزار روپے کا معاوضہ دیاجائے گا۔ معاوضہ کےلیے کوورونا سے موت کا سرٹیفکیٹ دکھاناہوگا ۔
مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں دیئے ایک جواب میں کہا ہے کہ کورونا وائرس سے مرنے والے ہر شخص کے اہل خانہ کو پچاس ہزار روپے کا معاوضہ دیا جائے گا ۔ معاوضہ کی یہ رقم ریاستیں اپنے ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ سے متاثرین کے اہل خانہ کو دیں گی ۔ مرکزی حکومت کے ماتحت کام کرنے والی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی یعنی این ڈی آر ایف نے آج سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کرکے کورونا سے وابستہ اموات پر معاوضہ کی رقم اور پروسیس کے بارے میں جانکاری دی ۔
اس سے پہلے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کرکے مطالبہ کیا گیا تھا کہ کورونا سے مرنے والوں کے اہل خانہ کو چار لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے ۔ قوانین کے مطابق قدرتی آفات سے مرنے والوں کے اہل خانہ کو چار لاکھ روپے معاوضہ ملتا ہے ، لیکن جس تعداد میں کورونا سے لوگوں کی اموات ہوئی ہیں ، اس کے بعد مرکزی حکومت نے معاوضہ دینے سے انکار کردیا تھا ۔
مرکزی حکومت نے کہا تھا کہ اتنا بڑا معاوضہ دینے سے سرکار کو بھاری نقصان ہوگا ، لیکن سپریم کورٹ کے دباؤ کے بعد آج این ڈی آر ایف نے بتایا کہ کورونا سے مرنے والوں کے اہل خانہ کو پچاس ہزار روپے کا معاوضہ دیا جائے گا ۔
لیکن یہ پیسہ ریاستی سرکاروں کے ماتحت کام کرنے والی ایس ڈی آر ایف دے گی ۔ اس کیلئے اہل خانہ کو ضلع کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ دفتر میں درخواست دینی ہوگی ۔ درخواست کے ساتھ کورونا سے ہوئی موت کا ثبوت یعنی میڈیکل سرٹیفکیٹ دینا ہوگا ۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ کورونا وبا کے دوران کورونا سے ہونے والی اموات کے سلسلہ میں معاوضہ کا پروسیس جاری رکھا جائے گا ۔









