نئی دہلی:(ایجنسی)
دہلی اور قومی دارالحکومت خطہ (این سی آر) میں ہفتہ کی صبح گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ دہلی میں مسلسل بارش کے باعث مختلف علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی اور این سی آر کے کئی مقامات، بہادر گڑھ، گروگرام، مانیسر، فرید آباد، بلب گڑھ، لونی دیہی، ہنڈن اے ایف اسٹیشن اور ملحقہ علاقوں میں 20-40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیںگی، گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ وہیں ہریانہ اور اتر پردیش کے کئی حصوں میں آج صبح دوبارہ بارش شروع ہوگئی ۔
دہلی بین الاقوامی ہوائی اڈے ( ڈی آئی ای ایل نے ) نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا ، پریشانی کے لیے ہم معذرت خوا ہ ہیں۔ بھاری بارش کی وجہ سے کچھ وقت کے لیے فور کورٹ میں پانی بھر گیا تھا۔ ہماری ٹیم کو فوراً اس پریشانی سے نمٹنے میں لگا دیا تھا، جس کےبعد پریشانی حل کردی گئی تھی۔ اسی درمیان ایک ایئرپورٹ افسر نے بتایا کہ چار گھریلو اور بین الاقوامی پرواز کو ڈائیورٹ کیا گیا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں اس سال مانسون کے سب سے زیادہ غیرمعمولی موسم میں دہلی میں ابھی تک 1,100ملی میٹر بارش ہوئی جو 46سالوں میں سب سے زیادہ پچھلے سال ریکارڈ ہونے والی بارش سے تقریباً دوگنا ہے ۔ یہ اعداد وشمار بدل سکتے ہیں کیونکہ شہر میں دن میں اور بارش ہونے کا اندازہ ہے۔
آئی ایم ڈی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ صفدر جنگ آبزرویٹری نے 1975 کے مانسون کے موسم میں 1,150ملی میٹر بارش درج کی تھی۔ اس سال بارش پہلے ہی 1,100کے اعدادوشمار کو پار کر گئی ہے اور مانسون کا موسم ابھی ختم نہیں ہواہے ۔ آئی ایم ڈی کے مطابق معمول کے طو رپر دہلی میں مانسون کے موسم کےدوران 648.9ملی میٹر بارش درج کی جاتی ہے ۔ مانسون کا موسم شروع ہونے پر ایک جون سے 11 ستمبر تک شہر میں معمول کے طور پر 590.2ملی میٹربارش ہوتی ہے ۔ مانسون 25 ستمبر تک دہلی سے چلا جاتا ہے ۔
افسران نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اگلے دو دنوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ 17-18 ستمبر کے آس پاس بارش متوقع ہے۔ 2003 میں قومی دارالحکومت میں 1,050 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ دہلی میں 2011 , 2012 ، 2013 ، 2014 اور 2015 میں بالترتیب مانسون سیزن کے دوران بالترتیب 636 ملی میٹر ، 544 ملی میٹر ، 876 ملی میٹر ، 370.8 ملی میٹر اور 505.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔
آئی ایم ڈی کے اعداد و شمار کے مطابق 2016 میں بارش 524.7 ملی میٹر ، 2017 میں 641.3 ملی میٹر ، 2018 میں 762.6 ملی میٹر ، 2019 میں 404.3 ملی میٹر اور 2020 میں 576.5 ملی میٹر تھی۔ ستمبر میں دہلی میں کافی بارش ہوئی۔ اس مہینے میں اب تک 343.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو کم از کم 12 سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔
اس سال ستمبر میں ہوئی بارش گزشتہ سال کے مقابلے میں کم رہی۔ گزشتہ سال ستمبر میں شہر میں 20.9 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ دہلی میں اس مہینے کے شروع میں مسلسل دو دن 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ یکم ستمبر کو 112.1 ملی میٹر اور 2 ستمبر کو 117.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر میں ہفتہ کو 94.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
دریں اثنا ، دہلی میں ہفتے کے روز کم از کم درجہ حرارت 24 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا ، جبکہ 08.30 بجے نمی کی سطح 100 فیصد رہی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔









