لکھنؤ :(ایجنسی)
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے ان کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دو بہنیں نجی اسکولوں میں ایک ساتھ پڑھ رہی ہیں تو ایک کی فیس معاف ہو۔ اگر پرائیویٹ اسکول ایسا نہیں کرتے ہیں تو متعلقہ محکمہ ایک طالبہ کی فیس کا بندوبست کرے۔ اس کے لیے ضلع سطح پر نوڈل افسر تعینات کئے جائیں۔
گاندھی جینتی کے موقع پر لوک بھون میں منعقد اسکالرشپ تقسیم پروگرام میں انہوں نے ریاست کے ایک لاکھ 51 ہزار طلباء کے اکاؤنٹس میں اسکالرشپ بھیجی۔ اس دوران انہوں نے ہدایت دی کہ 30 نومبر تک تمام اہل طلباء کو اسکالرشپ تقسیم کا کام مشن موڈ میں مکمل کیا جائے۔
مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ملک کے دو عظیم مجاہد آزادی کی سالگرہ ہے۔ میں گاندھی جی اور شاستری جی کوسلام کرتا ہوں ۔ گاندھی جی نے سچ اور عدم تشدد کے زور پر ملک کو آزاد کرایا۔ 2014 میں 2 اکتوبر کو ہی سوچھ بھارت مشن شروع کیا گیا تھا۔ یہ اس مشن کا ہی نتیجہ ہے کہ ہم نے انسیفلائٹس جیسی بیماریوں پر 99 فیصد تک کنٹرول کرلیا ہے۔ اس بیماری پر ریاست کے 38 اضلاع میں 97 فیصد تک کنٹرول کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ یوگی نے کہا کہ آزادی کے فورا بعد ایس سی ، ایس ٹی ، او بی سی اور اقلیتوں کو ووٹ بینک تو سمجھا گیا مگر اقتدار کے گلیاروں میں ان کی آواز کو نظر انداز کردیا گیا مگر آج انہیں ترقی کا فائدہ مل رہاہے ۔ ریاست و ملک کے ہر شخص کی ذات اور مذہب کو دیکھے بغیر فلاحی اسکیموں کا فائدہ انہیں دیا جا جا رہاہے ۔
اس موقع پر گورنر آنندی بین پٹیل نے کہاکہ اترپردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت اور پی ایم نریندرمودی کی سوچ کے مطابق کام ہونے سے تیزی سے ترقی ہو رہی ہے ۔










