بریلی: (ایجنسی)
آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قومی کنوینر اقلیتی ڈپارٹمنٹ انچارج اترپردیش ڈاکٹر اعظم بیگ اتر پردیش بریلی شریف پہنچے جہاں کانگریس کے سینئر ارکان نے ان کا استقبال کیا اور انہیں اعزاز سے نوازا۔ڈاکٹر اعظم بیگ نے اس موقع پر درگاہ حضرت امام احمد رضا خاں ؒ پر حاضری دی اورملک میں امن وامان و بھائی چارہ کی دعا کے ساتھ اترپردیش میں کانگریس امیدواروں کےکامیاب ہونے اورکانگریس پارٹی کے روشن مستقبل کی دعاکی۔
ڈاکٹر اعظم بیگ کی ٹیم کے کنوینر یوسف خان کی جاری کردہ ریلیز کے مطابق ڈاکٹر اعظم بیگ نے اتحاد ملت کونسل کے سربراہ مولانا توقیر رضا خان سے بھی ملاقات کی جو ملک و ملت کی معروف اور بہادر شخصیت ہیں اور انہیں کانگریس میں شمولیت کی دعوت دی اور ان سے آشیرواد بھی لیا۔ بیگ ضلع کانگریس کے دفتر بھی گئے جہاں انہوں نے کانگریس کے صدر مرزا اشفاق ثقلینی کی موجودگی میں کانگریس کےکارکنان کے ساتھ انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا، کارکنوں نے ڈاکٹر اعظم بیگ کا پھولوں سےاستقبال کیا اور یقین دلایا کہ بریلی ڈویزن میں کانگریس اچھے نتائج دےگی ۔ اس موقع پر ڈاکٹراعظم بیگ کے ساتھ دہلی ریاستی اقلیتی کانگریس کےمیڈیا انچاج اخلاق اعظمی بھی موجود تھے ۔











